0

سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے

اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے۔ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوادیا ہے،پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے علاوہ صرف 2اراکین قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے،اب تک سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کل 124ارکان کے استعفے منظور کئے جاچکے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق  (ق)لیگ کے اراکین چوہدری مونس الٰہی اور چوہدری حسین الٰہی کے استعفے بھی منظور کر لئے گئے۔جن ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کئے گئے ان میں ریاض فتیانہ، سردار طارق حسین، محمد یعقوب شیخ، پرنس نواز،مرتضی اقبال،سردار محمد خان لغاری، حاجی امتیاز چوہدری، لال چند، جواد حسین،نوشین حامد، منزہ حسن، صائمہ ندیم، تاشفین صفدر، صوبیہ کمال خان، ظل ہما، رخسانہ نوید، غزالہ سیفی اورطارق صادق شامل ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ 8روزکے اندر113استعفی منظور کئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 اور 20 جنوری کو تحریک انصاف کے 69 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کا استعفی منظور کیا تھا۔پی ٹی آئی کے مزید استعفوں کی منظوری کے بعد منحرف گروپ کو پارلیمان کے اندر کوئی خطرہ باقی نہیں رہا ہے نگران حکومت کی تشکیل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت اور شراکت کے خواب کو سپیکرقومی اسمبلی نے چکنا چورکردیاہے۔تحریک انصاف کواستغفے واپس لینے کی بجائے دینے پڑ گئے ہیں۔43اراکین قومی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے استغفوں کی منظوری کی سمری  چیف الیکشن کمشنز ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کو بھجودی گئی جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن مذکورہ اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا حکم جاری کرینگے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے 43اراکین کے استغفے ہفتہ 21جنوری کو منظور کر لئے تھے۔پیر کو ان استغفوں کی منظوری کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوناتھاتاہم ملک گیربجلی کے طویل ترین بریک ڈاون اور پارلیمنٹ بلڈنگ میں آتشزدگی کی وجہ سے نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے جمعہ کے روزجب 35 اراکین اسمبلی کے استغفوں کی جس سمری کی منظوری دی تھی اس میں انہوں نے واضح طور پر لکھاتھاکہ پی ٹی آئی کے باقی رہ جانے والے 43اراکین قومی اسمبلی کے استغفوں کی منظوری کاپراسیس جلد شروع اور مکمل کیاجائے جس پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کے روزسپیکر قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کے43 اراکین قومی اسمبلی کے استغفوں کی سمری منظوری کے لئے بھجوائی گئی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے مذکورہ43اراکین قومی اسمبلی کے استغفے منظورکرلئے تھے اور اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنرکوبھی تحریری طورپر آگاہ کیا جارہا ہے کہ وہ مذکورہ43 اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ سپیکرقومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے ان پانچ اراکین قومی اسمبلی کے استغفے منظور نہیں کئے ہیں جنہوں نے تحریری طور پر سپیکر کو چھٹی کے درخواستیں دی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے وہ بال بال بچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے سپیکر قومی اسمبلی پہلی مرتبہ 11پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کئے تھے اس کے بعد 35ارکان کے استعفے منظور کئے گئے جس کے بعد مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کئے گئے تھے۔اب تک سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کل 124ارکان کے استعفے منظور کئے جاچکے ہیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں