پشاور(مانند نیوز ڈیسک)پشاورپولیس لائن مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ خون کے عطیات کیلئے اپیلو ں پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ہسپتالوں کا رخ کرنا شروع کر دیا۔گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے بھی خو ن کے عطیات کی اپیل کی گئی۔تفصیلات کے مطابق دھماکے کے بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور زخمیوں و لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیاتاہم لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زخمیوں کو خون دینے کے لیے اپیل کی گئی اور پشاورکے شہریوں کو دفاتر اور گھروں سے نکل کر ہسپتال پہنچنے اور زخمیوں کو خون دینے کی اپیل کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے باہر خون کے عطیات دینے کیلئے جمع ہو گئی جس میں کالجز کے طلباء کی بہت بڑی تعداد شامل رہی۔لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ میں زخمیوں کی تعداد 65 سے زائد ہوگئی ہے او ر اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے کیونکہ کئی زخمی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکال کر ہسپتال پہنچایا جارہا ہے جبکہ شام تک لائے گئے زخمیوں میں 10 کی آپریشن تھیٹرز میں سرجری جاری رہی اور 15 سے زائد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔دوسری جانب گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے بھی عوام سے زخمیوں کو خون کے عطیات دینے کی اپیل کی گئی۔
