0

پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکا،امام اور اہلکاروں سمیت 28 نمازی شہید،150سے زائد زخمی

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاورپولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور اہلکاروں سمیت 28 نمازی شہید اور150 سے زائدزخمی ہوگئے،زخمیوں کو لیڈنگ ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا،15زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہسپتال انتظامیہ نے شہریوں سے خون کے عطیات د ینے کی اپیل کی۔ریسکیو حکام کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ دھما کے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ریسکیو نے کہا کہ دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کردیا۔ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال نے دھماکے میں امام مسجد اور اہلکاروں سمیت28  نمازی شہید ہو گئے جبکہ150 سے زائد زخمی ہیں، زخمیوں میں 15کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔انتظامیہ لیڈی ریڈنگ ہسپتا ل نے کہا ہے کہ ہسپتا ل میں خون کی اشد ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دئیے جائیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا نماز ظہر کے دوران پولیس لائنز کی مسجد میں ہوا ہے جس کے باعث مسجد میں موجود متعدد نمازی زخمی ہوئے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں نماز ادا کی جارہی تھی۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا اور خودکش حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا جس نے نماز کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے بعد مسجد کی چھت نیچے آگری اور مسجد شہیدہوگئی۔ذرائع کے مطابق پولیس لائنز صدر کا علاقہ ریڈزون میں ہے جو ایک حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے جس کے قریب حساس عمارتیں بھی ہیں جبکہ سی ٹی ڈی کا دفتر بھی پولیس لائنز میں ہی ہے، اس علاقے میں پشاور پولیس کے سربراہ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا دفتر بھی ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں