0

گزشتہ 5 سال سے اپرچترال کے عوام کو بجلی کی عدم دستیابی کادیرینہ مسئلہ حل کردیاگیا،حاجی غلام علی

پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر کی مشترکہ صدارت میں اپر چترال میں بجلی کی عدم دستیابی سے متعلق ایک اہم اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وفاقی سیکرٹری محکمہ توانائی رشیدمحمود، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبر پختونخوانثارمحمد،چیف پیسکوعارف محمودسدوزئی، چیف پیڈوانجینئر محمدنعیم، گورنرسیکرٹریٹ اور محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سمیت اپر چترال سے سابق رکن قومی اسمبلی شہزاد افتخار اوراپر چترال سے تعلق رکھنے والے دیگر عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں اپرچترال کو بجلی کی فراہمی اور تکنیکی معاملات طے کرنے کیلئے 4 گھنٹے تک سیرحاصل گفتگو کی گئی اور باہمی مشاورت سے تمام معاملات نمٹانے کے بعدایک معاہدہ طے پایاگیا جس پرگورنرخیبرپختونخوا، وفاقی وزیرتوانائی، چیف پیسکو، چیف پیڈو اور اپرچترال کے عمائدین کی جانب دستخط کئے گئے،  معاہدے کے مطابق پیسکو لوئیر چترال کی طرز پر اپرچترال کو بجلی فراہم کرے گا اور اپرچترال اورلوئر چترال کے درمیان بجلی کا فرق ختم کردیاگیاہے۔ پیسکو کی جانب سے اپر چترال کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلاتعطل بجلی یکم فروری سے میسر ہوگی۔ اس طرح پیسکو اور پیڈو کے درمیان واجبات کے معاملات طے کرنے سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو ایک ماہ میں واجبات کے معاملات کو طے کرلے گی۔پیسکو کی جانب سے اپرچترال کو فراہم کی جانیوالی بجلی کے بلوں کے نرخ لوئر چترال کی طرز پرہوں گے۔ اس موقع پر اجلاس میں موجود عمائدین اپرچترال نے وزیراعظم پاکستان محمدشہباز شریف اور گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی کادلی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کئی سالوں پرمشتمل اپرچترال کے غریب عوام کا مسئلہ فوری طورپر حل کردیاہے جوکہ گذشتہ صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث کٹھائی کا شکار تھا۔ اپرچترال کے عوام کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لانے کیلئے وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے نہ صرف ہمارے مسئلے کو انتہائی اہمیت دی بلکہ چھٹی کے روز تمام اعلی حکام پرمشتمل اجلاس طلب کرکے فوری طور پر دیرینہ عوامی مسئلے کو نمٹادیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ  وہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے صوبے کے ایک بڑے ضلع چترال کی محرومیوں کی طرف توجہ دی اورآج اہم اجلاس میں گذشتہ 5 سالوں سے اندھیرے میں ڈوبے اپرچترال کے عوام کو روشنی طرف منتقل کردیاگیاہے۔ انہوں نے اجلاس میں وفاقی وزارت توانائی اور صوبائی محکمہ توانائی سمیت دیگر اعلی حکام کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے باہمی مشاورت سے ایک اہم مسئلے کوپایہ تکمیل تک پہنچادیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرتوانائی انجینئرخرم دستگیر نے میزبانی کے فرائض انجام دینے پر گورنر حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گورنر حاجی غلام علی صوبہ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کررہے ہیں اور گورنرہاؤس کے دروازے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کھلے رکھے ہوئے ہیں جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج اہم اجلاس کااپرچترال کے عوام کو بجلی کی عدم دستیابی کے مسئلہ کو نمٹاناتھا جو طے ہوگیا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں اپرچترال کے عوام کو پیسکوکی جانب سے لوئرچترال کی طرح بجلی کی فراہمی شروع ہوجائیگی اور100 فیصد بلوں کی ادائیگی پر صوبہ کے دیگرعلاقوں کی طرح 24 گھنٹے اپر چترال میں بھی بجلی میسر ہوگی۔ #

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں