0

پاکستانی خواتین کسی بھی طرح ترقی یافتہ ممالک کی خواتین سے کم نہیں، جمال شاہ

پشاور (مانند نیوز) ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر مردان جمال شاہ مہمند نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کسی بھی طرح ترقی یافتہ ممالک کی خواتین سے کم نہیں اور وہ سماجی اقدار اور روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں اپنے دفتر مردان میں زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین محمد پرویز اور نیا سوچ ویلفیئر آرگنائزیشن کی نو منتخب صدر آرزو اور سرپرست اعلیٰ فیہمہ بیگم سے ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر ضلع مردان میں کام کرنے والی رجسٹرڈ تنظیموں اور کام کر نے والی عورتوں کو درپیش مسائل کے حوالےسے تفصیلی بات چیت کی گئی،ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر جمال شاہ نے دونوں تنظیموں کے رہنماؤں کو اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ضلع مردان میں کام کرنے والی عورتوں کے حقو ق پر کام کرنے والی تنظیموں کو مکمل معاونت فراہم کریں گے اور ان تنظیموں کو مزید فعال بنانے کے لیئے اقدامات اٹھائیں گے ۔ جمال شاہ نے کہا کہ حکومت نہ صرف خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انھیں درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے بلکہ صحت اور تعلیم کے مسائل سمیت خواتین کو وراثت میں حق دلوانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ خواتین کو با اختیار بنانے اور انھیں معاشرے میں نمایاں مقام دلوانے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں جاری ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستانی عورت نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا میں اپنا نام پیدا کر سکے گی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں