پشاور(مانند نیوز) پشتون قومی اتحاد کی کور کمیٹی کا اجلاس باچا خان مرکز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک، مرکزی سیکرٹری یوتھ افیئرز خان زمان کاکڑ، صوبائی سیکرٹری ثفاقت خادم حسین سمیت اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندوں اور اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشتون قامی اتحاد کے زیراہتمام 25فروری کو سوات کبل گراؤنڈ میں تاریخی امن اولسی پاسون کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیاجس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ اور نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی پختون امن سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائیگا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔اجلاس میں پشتون قامی اتحاد کے کنوینر کا بھی فیصلہ کیا گیا جو مرحلہ وار تبدیل ہوں گے۔پہلے مرحلے میں عوامی نیشنل پارٹی کنوینر کی ذمہ داری ادا کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں وادی پشاور، جنوبی اضلاع اور ضم اضلاع میں بھی اولسی پاسون و سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا۔ اجلاس کے بعد اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کور کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کیلئے سب کو اٹھنا ہوگا۔ خاموشی بدامنی سے نمٹنے کا راستہ نہیں بلکہ اٹھ کر کھڑا ہونا ہوگا۔عوام اب امن کیلئے نکل چکے ہیں۔ حکومتوں کو بھی ادراک کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پختونخوا کو غیراعلانیہ طور پر دہشت گردوں کے سپرد کردیا ہے۔ پشاور، چارسدہ، صوابی سمیت دیگر اضلاع میں شام کو حکومتی رٹ ختم اور دہشت گردوں کی رٹ شروع ہوجاتی ہے۔
