0

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا ملاکنڈ کے ایک روزہ دورہ

ملاکنڈ (مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ وصول کرتے ہیں اسلئے ہم عوام کو جوابدہ ہیں۔انہوں نے متعلقہ تمام ذمہ دارآفیسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پوری ایمانداری اور خلوص نیت کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات اور ریلیف فراہم کریں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اس موقع پر ایکسین پیسکو کو بھی ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خاص کرافطاری،سحری اور نماز تراویح میں لوڈشیڈنگ سے اجتناب کریں۔ انہوں نے انتظامی آفیسران اور ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میں بازاروں میں صفائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیساتھ ساتھ عوام کو روزمرہ استعمال کے اشیائے خوراک کو ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائے اور ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کیخلاف سخت ایکشن لیاجائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز ضلع ملاکنڈ کے ایک روزہ دورے کے دوران لیویز لائن ملاکنڈ میں ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ آفس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر /کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شہاب محمد خان نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو ضلع ملاکنڈ میں تمام محکموں کے زیر اہتمام جاری اور نئے منصوبوں، امن وامان کے صورتحال اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے غیر قانونی مائننگ کیخلاف ضلعی انتظامیہ کے کاروائیوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اے ڈی سی کے نگرانی میں محکمہ معدنیات کا ماہانہ اجلاس کا انعقاد کیاجائے اور غیر قانونی مائینگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے۔کمشنرنے محکمہ زراعت کے ضلعی آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ غیر معیاری کیمیائی کھاد اور خاص کر سپرے فروخت کرنیوالے ڈیلروں کیخلاف کاروائی کرکے جیل بھیج دیا جائے۔انہوں نے ضلعی زراعت آفیسر کو یہ بھی ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل کے نمائش کا انعقاد کریں تاکہ ان سبزیوں اور فروٹس کو جدیداقسام کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکے۔ بریفنگ کے دوران کمشنر نے متعلقہ قومی تعمیر نو کے محکموں کے ضلعی آفیسران کو سختی سے ہدایت کی کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر کھڑی نظر رکھیں اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اگر مفاد عامہ کے منصوبوں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ ایکسین یا آفیسر کیخلاف سخت قانونی ایکشن لیاجائیگا۔انہوں نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں سستا بازار قائم کئے جائیں گے اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہے اور ساتھ وزیر اعظم پاکستان اور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کی جانب سے رمضان المبارک میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ غریب لوگوں کو 30کلو مفت آٹا بھی تقسیم کئے جائینگے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے ملاکنڈ لیویز کے تمام ڈپٹی کمانڈنٹس اور پوسٹ کمانڈروں کو سختی سے ہدایات جاری کی کہ وہ منشیات کے روک تھام اور جرائم پیشہ افراد پر کھڑی نظر رکھیں اور اپنے اپنے علاقے اور حدود میں جرائم پر قابو پانے کیساتھ ساتھ مثالی امن وامان کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ملاکنڈ لیویز کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر کمشنر نے 16فروری کو قتل ہونیوالے گلگت بلتستان سکردو کے رہائشی الیاس حسین کے قتل میں ملوث ملز م کا سراغ لگاکر گرفتار کرنیوالے جے آئی ٹی ممبران میں توصیفی اسناد تقسیم کی اور ان کو شاباش دی۔ کمشنر نے مختلف قدرتی حادثات میں جاں بحق ہونیوالے تین افراد کے اہلخانہ کو فی کس پانچ پانچ لاکھ روپے جبکہ کمرے کی چھت گرنے کے حادثے میں ہلاک ہونیوالے تین مویشیوں کے مالک کو ایک لاکھ 80ہزار روپے چیکس دئے۔ دریں اثناء کمشنر نے ضلعی سیکرٹریٹ بٹ خیلہ میں پودا لگاکر ضلع ملاکنڈ میں موسم بہار شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ کا بھی ودرہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عرفان الدین نے ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ لوگوں کو بہتر علاج معالجے کے سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائیگا۔ بعدازاں کمشنر نے سوات ایکسپرس وے فیز ٹوکا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے کمشنر کو سوات ایکسپریس وے فیز ٹو پر تعمیراتی کام کی رفتار پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمشنر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سوات ایکسپریس وے فیز ٹو پرکام کی رفتار مزید تیز کر کے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں