ایبٹ آباد (مانند نیوز )واسا ایبٹ آباد کے زیرِ اہتمام پانی کے عالمی دن (World Water Day)کے موقع پرریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین بورڈ آدف ڈائریکٹرز واسا ایبٹ آباد میجر ذوالفقار احمد (ر) اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا نے خصوصی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد(WSSCA) نے پانی کے عالمی دن کے موقع پرریلی کا انعقادکیا جس کا مقصد عوام میں پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے اور بچت کرنے کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنا تھا۔ریلی میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا ایبٹ آباد میجر ذوالفقار احمد (ر) اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا ریحان یوسف نے بھی شرکت کی۔ واسا سٹاف نے طیب اُردگان پلازہ سے پریس کلب تک آگاہی بینرز اورپلے کارڈکے ہمراہ واک کی جس پر پانی کی اہمیت اور بچت کے حوالے سے نعرے درج تھے۔اس موقع پرچیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا ایبٹ آباد میجر ذوالفقار احمد (ر) نے شرکاء کو پانی کی اہمیّت اور بچت کے حوالے سے تفصیلاً آگاہی فراہم کی اور کہا کہ ہاتھ دھوتے، وضو کرتے، دانت صاف کرتے ہوئے، غسل کے دوران، کپڑے، گاڑی، فرش دھوتے وقت اور پودوں کو پانی دیتے ہوئے اگر پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے تو روزانہ لاکھوں گیلن پانی باآسانی بچایا جا سکتا ہے۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا انجینئر ریحان یوسف نے ریلی کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ روزمرہ معاملات کے دوران پانی کے استعمال میں احتیاط برتناانتہائی ضروری ہے اس وقت وطن عزیز میں پانی کی شدید کمی ہے انہوں نے شرکاء کو واسا کے واٹر سپلائی سسٹم میں درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔تمام شرکاء نے اپنی آنے والی نسلوں کی خاطرمستقبل میں پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے کا عہد کیا۔
