0

ہمارا پاکستان سے میرا پاکستان کا شعور تمام پاکستانیوں میں پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے، پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ

ڈیرہ اسماعیل خان(مانند نیوز)ہمارا پاکستان سے میرا پاکستان کا شعور تمام پاکستانیوں میں پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اسی سے ہی نہ صرف پاکستان کی عزت و وقار پوری دنیا میں ہو گی بلکہ ملک ترقی و خوشحالی کی منازل طے کریگا ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے قائداعظم کیمپس میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عثمان خان وزیر ،ڈائریکٹر ایڈمیشن ریاض احمد بیٹنی ،کوارڈینیٹر قائداعظم کیمپس ڈاکٹر اللہ نور، پرووسٹ ڈاکٹر سمیع اللہ، ڈپٹی پرووسٹ ڈاکٹر یحییٰ خان ،ڈی ایس اے ڈاکٹر نافد خان سمیت قائداعظم کیمپس کے تمام شعبہ جات کے سربراہان اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ سمیت دیگر سربراہان، انتظامی افسران ،اساتذہ اورطلباء نے قائداعظم کیمپس میں شجرکاری بھی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ 23مارچ محض تاریخی دِن نہیں بلکہ وہ دِن بھی ہے جب ہمارے بزرگوں نے ایک قوم اور ایک نظریہ کے تحت تجدید عہد وفاکیا تھا جسے آگے لے کر جانا ہر پاکستانی کا فرض ہے ۔یہ ملک کلمہ طیبہ کے نام پر رمضان المبارک کے مہینہ میں خدا نے ہمیں عطا کیا اس ملک کی قدر اور جس نظریہ کی خاطر یہ بنایا گیا تھا اسکی تکمیل کیلئے کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک اسلام دشمن قوتیں اس ملک کے وجود کے خلاف سرگرم عمل ہیں ہم نے ایک جسم کی مانند متحد ہوکر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا آج جدید ٹیکنالوجی ‘پراپیگنڈا ،غلط اور جھوٹ پر مبنی خبروں کے ذریعے ہمیں باہم لڑانے ‘اداروں کو کمزور کرنے اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی تکنیک استعمال کی جارہی ہیں اور اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں قیام پاکستان والے جذبہ کی ضرورت ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پرنٹ، سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز اور بااثر تحریروں کا انتخاب مختلف ہیش ٹیگ ٹرینڈکے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار اپنی جگہ لیکن یہ سب امور اس پاک سرزمین سے وفا نبھانے کیلئے کافی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا وطن ہم سے قربانی مانگتا ہے ، قربانی کیا ہے ؟ اپنی آنا ذاتی پسند نا پسند سب کچھ ایک طرف رکھ کر مادرِ وطن کی بقا کی خاطر یک زباں یک جاں ہو کر یکجہتی اور اتحاد کا عہد کرتے ہوئے ملک کو در پیش حالات سے باہر نکالنا ہے ۔ پاکستان ہم سب مسلمانوں کیلئے ایک انمول تحفہ ہے ِاس تحفے کی حفاظت ہم سب پر فر ض ہے ہم سب پاکستانی عہد کرلیں تو دشمن ہماری پیاری سرزمین پر حملہ تو کیا اِس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے سے پہلے بھی سو بار سوچے گا۔ ڈاکٹر شکیب اللہ نے مزید کہا کہ طلبہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں اساتذہ ایمانداری اور جانفشانی سے بچوں کو جدید علوم کی فراہمی کیساتھ انکی تربیت کا بھی فریضہ سر انجام دیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کوارڈینیٹر قائداعظم کیمپس ڈاکٹر اللہ نور کا کہنا تھا کہ ہم پر لازم ہے کہ آج کے دِن ہم ایک عہد کریںکہ ہم پاکستان کو ایمان، اتحاد اور تنظیم کے رہنما اصولوں کی روشنی میں چلائینگے۔ ہم پاکستان کو عملی طور پر ایک فلاحی و اسلامی ریاست بنائینگے’ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ پاکستان، تجدید عہد ِ وفا کا دن ہے۔ یہاں ہر پاکستانی کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اِس ملک کو سنوارنے کی ذمہ داری صرف حکومت ِ وقت اور ہماری بہادر افواج ِ پاکستان کی ہی نہیں ہے۔ ڈاکٹر اللہ نور کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہم سب کی مجموعی قومی ذمہ داری ہے کہ اِس ملک کی ترقی اور حفاظت کیلئے لایعنی قسم کے اختلافات بھلا کر اتحاد و یگانگت کی ایسی مثال قائم کریں کہ دشمنانِ پاکستان و اسلام ہمارے خلاف سازشوں کا سوچ بھی نہ سکیں۔تقریب میں طلباء نے 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے ملی نغمہ، تقاریربھی کیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں