0

ضلع اورکزئی میں یوم تکریم شہداء پاکستان کی تقاریب

ہنگو(مانند نیوز)ضلع اورکزئی میں یوم تکریم شہداء پاکستان کی تقاریب، ریلیاں نکالی گئیں، تقاریب میں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اورکزئی جناب محمد طیب عبداللہ کی سربراہی میں ضلعی ہیڈکوارٹر بابر میلہ کے جرگہ حال میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی جسمیں شہداء کے خاندان کے افراد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شہباز خان خٹک، ڈی پی او اورکزئی نذیر احمد خان، ضلعی محکموں کے سربراہان/نمائندگان، قبائلی مشران و عمائدین، سکولوں کے طلباء و طالبات سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد طیب عبداللہ نے اعلان کیا کہ ضلع اورکزئی میں شہداء نیٹ ورک قائم کیا جائیگا جسمیں پاکستان کے قیام سے لیکر ابتک پاک فوج، عوام، پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سرکاری محکموں کے شہداء کے لواحقین کو اکٹھا کیا جائیگا تاکہ شہداء کی تعظیم، تکریم اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو اداریاتی طور پر سرانجام دیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید اپنی شھادت کے بعد بھی اپنی جان کی قربانی سے اللہ وحدہ لا شریک کی موجودگی کی گواہی دیتا ہے اسی لئے قرآن مجید نے اسے زندہ قرار دیا ہے۔تقریب میں مقررین نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور اُنکی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے جانیں دیکر آزادی کی حفاظت کی ہے اور قوم شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ تقریب میں سکولوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے پیش کئے اور شہداء کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے بعد شرکاء نے مین روڈ تک ریلی نکالی اور افواج پاکستان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اسی طرح سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر غلجو اپر اورکزئی میں اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی شاہ اور سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر کلایہ لوئر اورکزئی میں اسسٹنٹ کمشنر لوئر حمزہ عباس کی سربراہی میں تقاریب اور ریلیاں منعقد کی گئیں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ریلیوں میں افواج پاکستان اور شہداء کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ علاوہ ازیں ضلع اورکزئی کے تمام سکولوں میں یوم تکریم شہداء پاکستان منایا گیا جسمیں طلباء و طالبات نے تقاریر و ملی نغمے پیش کئے اور شہداء پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں