0

ملکی مسائل کاحل اسٹیبلشمنٹ کے پاس نہیں،سراج الحق

چکدرہ(مانند نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ محلاتی سازشوں، بندکمروں میں فیصلوں اور سیاسی انجینئرنگ سے مسائل مزید گنجلک ہوں گے،24کروڑ عوام لاورث ہے۔مرکزاور صوبوں میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔قوم ظالموں کا احتساب کرنے کے لیے تیار بیٹھی ہے، عوام کو ان کا حق اور فیصلے کا اختیار دیا جائے۔ جماعت اسلامی کی ملک و قوم کے لیے قربانیوں اور خدمات کی لازوال داستانیں ہیں، ہماری سیاست کا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔ قوم آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی بجائے جماعت اسلامی کے ساتھ تعاون کریں تاکہ آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو اور اسلام آباد حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بنے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکدرہ سوات موٹروے ٹول پلازہ میں کارکنوں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت 19مئی کے ژوب خودکش حملہ کے بعد اپنے آبائی علاقہ میں پہنچے تو ان کا جگہ جگہ عظیم الشان استقبال کیا گیا۔ مختلف دیہاتوں اور قصبوں سے عوام کی بڑی تعداد ان کو خوش آمدید کہنے کے لیے سڑکوں پر موجود تھی، امیر جماعت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، لوگوں نے بلند و بانگ نعرے لگائے اور سراج الحق کی درازی عمر اور تندرستی کی دعائیں کیں۔ اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، استقبال کے اختتام پر امیر جماعت نے تیمرگرہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ ملک میں ترقی و استحکام اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، خودکش حملہ کے بعد ان کا اللہ پر ایمان اور زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ امیر جماعت نے دہشت گردی واقعہ کی تحقیقات سے متعلق عوام کو آگاہ کیے جانے کا مطالبہ بھی دہرایا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ این اے 6کے امیدوار مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل،ضلعی امیر جماعت اسلامی لوئردیر اعزاز الملک افکاری،جنرل سیکرٹری انجینئیر یعقوب الرحمن اور تحصیل امیر ڈاکٹر بشیر محمد بھی موجود تھے۔جبکہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں