0

ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، کمشنر ملاکنڈ

چترال (مانند نیوز)چئیرمین سپیشل کمیٹی برائے چترال/ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم نے تمام انتظامیہ افسران اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کے سربراہان جاری ترقیاتی مفاد عامہ کے منصوبوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرکے جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر توانائی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ تاکہ مفاد عامہ کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوسکیں اور ان کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوجائیں۔کمشنر کاکہنا تھاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔یہ ہدایات انھوں نے اضلاع چترال کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے دفتر میں ترقیاتی کاموں پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان نے جاری ترقایی سکیموں و انتظامی امور، حالیہ سیلاب سے نقصانات،امدادی سرگرمیوں،ا نفراسٹرکچر کی بحالی، تعلیم،صحت،روڈز کے بارے میں کمشنر ملاکنڈ کو تفصیلی بریفنگ دی۔جس پر کمشنر ملاکنڈ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جاری ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کمشنر ملاکنڈ نے محکمہ این ایچ اے کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ چترال روڈز کی تعمیر پر کام تیز کر کے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ روڈز کی تعمیر میں غفلت اور غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گااور غفلت کی صورت میں متعلقہ ٹھکیداران کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ثاقب رضا اسلم نے کہا کہ چترال ایک حسین اور قدرتی حسن سے مالا مال وادی ہے، چترال میں جنگلی حیات اور جنگلات کی حفاظت میں کوئی کو تاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔چترال کی خوبصورتی سیاحت کے فروغ میں نہایت اہمیت کی حامل ہے جس سے علاقے کو فائدہ پہنچے گا۔کمشنر نے تمام لائن ڈیپار ٹمنٹس کے سربراہا ن کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور چترال کو تمام تر سہولیات سے آراستہ ایک ماڈل ضلع بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔درین اثناء اضلاع لوئر اور اپر چترال پر مشتمل ایک وفد نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر اور اپر چترال محمد عمران خان،محمد عرفان الدین،کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل بلال، دیگر افسران سیاسی و سماجی شخصیات,تجار یونین کے نمائندے,چیمبر اف کامرس کے نمائندے اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔ وفد نے دونوں اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں کمشنر کو تفصیل سے اگاہ کیا۔ کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کودرپیش تمام مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں