0

پاکستان نے میلبرن ٹیسٹ کے ساتھ سیریز بھی گنوا دی

میلبرن (مانند نیوز) آسٹریلیا نے میلبرن میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان کو 79 رنز کے ساتھ شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے میلبرن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے چوتھے روز قومی ٹیم کی بساط 237 رنز پر لپیٹتے ہوئے نہ صرف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 79 رنز سے فتح اپنے نام کی بلکہ سیریز میں بھی دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ میچ میں پاکستانی بولرز کی کارکردگی تو شاندار رہی لیکن بیٹرز نے ان کی کارکردگی پر پانی پھیر دیا۔ نہ بابر اعظم کا بلا چلا نہ شان مسعود نصف سنچری کو سنچری میں ڈھال سکے۔آج کھیل کے چوتھے روز نہ جب پاکستانی پیسرز نے آسٹریلیا کو دوسری اننگ میں 262 رنز پر قابو کیا تو قومی ٹیم نے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتدا ہی میں دو وکٹیں گنوا دی تھیں۔اوپنر امام الحق مسلسل ناکام رہتے ہوئے 12 رنز پر آؤٹ ہوئے تو پہلی اننگ میں نصف سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق بھی چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس موقع پر کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے اننگ کا آہستہ آہستہ آگے بڑھاتے ہوئے اسکور 109 تک پہنچایا ہی تھا کہ کپتان دوسری اننگ میں بھی نصف سنچری بنانے کے بعد 60 رنز پر حریف ہم منصب کا شکار بن گئے۔ایک وقت میں پاکستان کے 5 وکٹوں پر 219 رنز بن چکے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ تھے تاہم اس موقع پر محمد رضوان کے 41 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوتے ہی پاکستان ٹیم فتح کے ٹریک سے ہٹ گئی اور اگلی چار وکٹیں صرف 18 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔ ٹیل اینڈر میں سے کوئی بھی سلمان آغا کا ساتھ نہ دے سکا۔ عامر جمال، شاہین شاہ اور حسن علی تینوں صفر پر آؤٹ ہو کر قومی ٹیم کی جیت کی امیدیں اپنے ساتھ واپس لے گئے۔ سلمان آغا 50 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے جب کہ بابر اعظم 45 اور سعود شکیل 24 رنز ہی بنا سکے۔کینگرو کپتان نے دوسری اننگ میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں لینے کا اعزاز پایا۔اس سے قبل چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگ 6 وکٹوں پر 187 رنز سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مچل اسٹارک 96 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ایلکس کیری 53 اور اسٹیو اسمتھ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ اور میر حمزہ نے چار، چار جب کہ عامر جمال نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 318 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بینو قادر ٹرافی سیریز میں آسٹریلیا نے پرتھ کے بعد میلبرن ٹیسٹ میں بھی فتح اپنے نام کر کے دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے جب کہ قومی ٹیم 24 سال بعد بھی فتح کا قحط ختم نہ کر سکی اور آسٹریلوی سر زمین پر مسلسل 16ویں ٹیسٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں