0

نگران وزیر سماجی بہبود نے کوہاٹ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا

کوہاٹ (مانند نیوز)خیبرپختونخوا کی نگران وزیر سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اورجیل خانہ جات جسٹس(ر) ارشاد قیصر نے منگل کے روز نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔پروگرام کا اہتمام چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن خیبرپختونخوا نے یونیسف کے تعاون سے کیا تھا۔ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی ذمہ داریوں میں تشدد کا شکار بچوں کیلئے واقعات کے متعلق شکایات درج کرنا، ضرورت پڑنے پربچے کی تحفظ کامنصوبہ بنانا،درج شدہ کیسز کا اختتام تک پیروی کرنا اورمعلومات محفوظ کرنا،ضرورت پڑنے پر بچے دوسرے محکموں کو ریفر کرنا، سہولیات اورخدمات کی فراہمی اورضلعی سطح پربچوں کے تحفظ کے اقدامات پرعملداری کی مانیٹرنگ کرنا شامل ہیں۔وزیر سماجی بہبود جسٹس(ر) ارشاد قیصرکا اس موقع پرکہناتھا کہ حکومت خیبرپختونخوا اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بچوں اور ان کی نگرانی کرنے والوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے اور اس اہم مقصد کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اسی طرح صوبائی حکومت یونیسف کی شراکت سے صوبے میں ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام،چائلڈ پروٹیکشن ہیلپ لائن 1121 کے استحکام، کمیونٹی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن سٹرکچرز کے قیام، ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیوں کے استحکام اورچائلڈ پروٹیکشن کے جامع پالیسی بنانے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں بہت سارا کام ہوچکاہے۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے یونیسف کی کاؤشوں کو سراہا۔ارشاد قیصر نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ لہٰذا ان کی حفاظت وفلاح اورانہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام کو بچوں کی حفاظت،فلاح او رحقوق کیلئے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخو انے اس سلسلے میں پورے پاکستان پر سبقت لی ہے جوکہ انتہائی خوش آئند امر ہے۔تقریب سے چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کے چیف پروٹیکشن آفیسر اعجاز احمد، یونیسف کے چائلڈ پروٹیکشن سپیشلسٹ سہیل احمد،کوہاٹ یونیورسٹی کے پروفیسر محمود خٹک اورپروگرام منیجرمحمد وسیم نے بھی خطاب کیا اور چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے تفصیلاً اظہار خیال کیا۔ بعدازاں وزیر موصوفہ نے فیتہ کاٹ کرچائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے یونٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں