دس ارب روپے پیکیج غریبوں کے ساتھ مذاق ہے، امیرمقام

بدھ 12 فروری 2020


سوات (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے 10 ارب روپے کے حکومتی پیکیج کو غریبوں کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھربوں روپے قوم سے لوٹ کر انہیں خیرات دی جارہی ہے، یہ اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، عمران نیازی حاتم طائی بننے کی  ایکٹنگ نہ کریں، غریب عوام کو ریلیف دینا ہے تو بجلی، گیس، ٹیکس اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں نوازشریف دور کی سطح پر واپس لائیں۔ وہ سوات تحصیل کبل مسلم لیگ ن کے صدر عبدالغفور خان اور سابق تحصیل کونسلر عثمان غنی کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر انہوں نے عبدالغفور خان اور عثمان غنی کی گرفتاری کو حکومتی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کی انتقامی کارروائیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن اور قائدین عوام کی خاطر ہر قربانی کو تیار ہیں اور ہم عبدالغفور خان اور عثمان غنی کی جرائت کو سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی، گندم اور آٹے کی آڑ میں اربوں روپے قوم سے لوٹ لئے گئے، عمران نیازی آٹے اور چینی کی چوری میں شریک ہے۔ اب تک آٹا اور چینی چور قانون کی گرفت میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی، گیس، دوائی، سبزیاں، دالیں، گھی، چینی، آٹا، تعلیم، صحت چیز غریبوں کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے۔ عمران نیازی اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اب ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی ڈرامہ بازی کررہا ہے۔ قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی، قوم نے دیکھ لیا کہ ایمانداری کے لبادے میں کتنے بڑے چور چھپے ہوئے ہیں۔ انجینئر امیرمقام نے کہاکہ کرپٹ آٹا، چینی چور حکومت نے قوم کا مستقبل عالمی اداروں کو بیچ دیا، ایک طرف تاریخی 11000 ارب کا قرض لے کر قوم پروزن بڑھایا، دوسری طرف کاروبار، روزگار اور معیشت جام کردی، تیسری طرف مہنگائی کرکے عوام کا جینا عذاب بنادیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی پاکستان کی معیشت تباہ کرنے کے ایجنڈے پر مسلط ہوا ہے۔ جو ملک 5.8 فیصد کی رفتار سے ترقی کررہا تھا، اسے 1.9 فیصد کی نچلی ترین سطح پر لے آیا، روپے کی قدر میں 35 فیصد کمی کی لیکن برآمدات حالیہ دوماہ میں 3.8 فیصد کی کمی کا منفی رجحان دکھا رہی ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کرکے دشمن کی مدد کریں۔ یہ آج کے میر جعفر ہیں جو اسلام کے قلعہ کو کمزور کرنے کا ایجنڈا لے کر مسلط ہوئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر نے کہاکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ شہبازشریف جلد ہی قومی رہنماوں سے مشاورت کا آغاز کرکے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کریں گے تاکہ ملک اور قوم کو موجودہ سنگین بحران سے نکالاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کرچکی ہے، عوام اور پاکستان کی معیشت کے دشمن کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آگیا ہے۔ اگر کرپٹ ٹولے کو نہ روکا گیا تو ملک کا دیوالیہ دیا۔


کہانی کو شیئر کریں۔


آپ یہ بھی دیکھنا پسند کریں گے

اپنی رائے کا اظہا ر کریں۔



Total Comments (0)

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ مانندآئینہ محفوظ ہیں۔

بغیر اجازت کسی قسم کی اشاعت ممنوع ہے

Developed by : Murad Khan