پشاور (مانند نیوز) رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پشاور کیمپس کے شعبہ اسلامیات میں اولین پی ایچ ڈی اور ایم فل کلاسز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے تعلیمی سیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز نے معیاری علم کی ترویج میں رفاہ یونیورسٹی کےکردار کو سراہا۔ انہوں نے ایسے علما پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو جدید عصری اور مقامی سماجی پیچیدگیوں کو حل کر سکیں۔ انہوں نے طلباء کوتحقیق اور گہرے مطالعے کی تلقین کرتے ہوئے خاندانی نظام کی اصلاح سمیت جدید چیلنجز کے مقابلے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔ پراہم فاؤنڈیشن کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق نے کہا کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں، ان کی ذمہ داری امت کو متحد کرنا اور ثقافتی یلغار کے خلاف تحقیقی ڈھال فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی تحقیق کا معاشرے کے لیے فائدہ مند ہونا ضروری ہے۔ ڈائریکٹر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ظہور سواتی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ایک ایسا ‘ماڈل شعبہ’ قائم کرنا ہے جو کردار سازی اور اسلامی اقدار کا نمونہ ہو۔ تقریب کے آخر میں چیئرمین شعبہ اسلامیات پروفیسر ڈاکٹر صاحب اسلام نے دعائے خیر کروائی۔