0

انسپکٹر جنرل آف پولیس کا باچا خان یونیورسٹی دورہ

چارسدہ (مانند نیوز ڈیسک) انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبر پختوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کی حفاظت اور آگاہی کے لیے طلباء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اور اُن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں اور تعمیری سوچ سے بچوں کے ساتھ زیادتی کی روک تھام کو یقینی بنانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں بچوں پر تشدد کے حوالے سے منعقدہ سیمنار میں لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس افیسر مردان شیر اکبر خان، ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان، رجسٹرار سید عارف حسین شاہ، چیف سیکیورٹی افیسر کرنل (ر) جان فردوس اور یونیورسٹی کے دیگر عملہ اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ آئی جی پی نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی خواہ وہ جنسی تشدد یا کسی شکل وصورت میں ہوں وہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے زمرے میں آتے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ ایک بچے کا قتل پوری انسانیت کا قتل اور ایک بچے کے حقوق کی حفاظت پوری انسانیت کے حقوق کا تحفظ ہے۔ آئی جی پی نے کہاکہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی بنیادی وجوہات کا تعین کرکے اس کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل اپنا کر اقدامات اْٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مردان ڈویڑن کے اضلاع مردان اور چارسدہ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے جتنے بھی واقعات رونما ہوئے ہیں۔ ان میں ملوث تمام ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ حال ہی میں چارسدہ میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی و قتل کے ملزم کو بھی فارنزک انوسٹی گیشن کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔صوبائی پولیس سربراہ نے مزید کہا کہ ہراسمنٹ اور بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات کا جو سلسلہ چل پڑا ہے اس میں معاشرے کے افراد کی ذمہ داری اور ان میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، پولیس اپنا کام احسن طریقے سے سرانجام دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاہم والدین اپنے بچوں کو اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لئے احتیا ط کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس بچوں پر تشدد کے واقعات میں کمی لانے کے لئے سسٹم کو مزید بہتر کر رہی ہے، پولیس کو اس حوالے سے تربیت بھی دی جا رہی ہے اور اس تقریب کا مقصدبھی آپ نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے اور کہا کہ طلباء و طالبات سفیر بن کر گھر گھر تک پیغام پہنچا نے اور بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات میں کمی لانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔اسی مقصد کے لیے ہم نے آپ کو اس عظیم اور مقدس مشن میں شامل کیا ہے اوراس قسم کے زیادہ سے زیادہ سمینارز کا انعقاد ہمارے پروگرام کا اہم حصہ ہیں۔ آئی جی پی کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کی روک تھام کے لیے تنازعات کے حل کے کونسلوں کو بھی فعال بنادیا گیا ہے۔ اس موقع پر باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے رجسٹرار سید عارف حسین شاہ نے آئی جی پی کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاں آئی جی پی نے میڈیا کے نمائندگا ن سے بات چیت کی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں