0

ملک میں کہیں بارش، برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

اسلام آباد،کراچی،لاہور،مانسہرہ،گلگت (مانند نیوز ڈیسک) ملک میں کہیں بارش تو کہیں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، بالائی علاقوں میں برف کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، شدید برفباری سے مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔سوات، کالام، مالم جبہ اور دیگر بالائی علاقوں میں تین روز سے برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔برفباری کے باعث کالام کے علاقے مٹل تان روڈ بند ہو نے سے بالائی علاقوں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،مانسہرہ کے تفریحی مقامات شوگران میں 2 فٹ اور ناران میں 4 فٹ تک برف پڑی، برفباری سے کاغان سے آگے شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہے۔شمالی بلوچستان میں چمن، موسیٰ خیل، پشین، مسلم باغ، کان مہترزئی، کوژک ٹاپ میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔اوتھل میں بارش اور بیلہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ملکہ کوہسار مری میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں بونداباندی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔ شہر قائد میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمال مشرق سے ہواؤں کی رفتار 18 سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔آئی آئی چندریگر روڈ پر بوندا باندی، بلدیہ ٹاؤن، ملیر ہالٹ میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، گلزارِ ہجری، گلستان جوہر، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ، گلشنِ جمال، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، ملیر، قائد آباد میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، نیو کراچی، فیڈرل بی ایریا اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی ہلکی بارش جاری رہی،سندھ کے اضلاع شہید بینظیر آباد، ٹھٹھہ میں ہلکی بارش ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، میانوالی، سرگودھا، بھکر، لیہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال اور نارووال میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔  خیبر پختونخوا کے علاقے دیر، چترال، مالاکنڈ، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، بٹگرام، ہری پور، نوشہرہ، کوہستان، صوابی اور مردان میں بھی بارش  جاری رہی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں