0

تمام والدین کو چاہیے کہ انسداد پولیو مہم بچوں کو ضرور پلوائیں، ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ

درگئی (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے کہا ہے کہ تمام والدین کو چاہیے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمرکے بچوں کی انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ عمر بھر کیلئے اپاہج بنادینے والے اس موذی وائرس سے ہمیشہ کا چھٹکارا حاصل کرکے اپنی آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک معاشرہ فراہم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی اور سخاکوٹ میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر 5روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر تے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران ضلع ملاکنڈ میں ایک لاکھ44ہزار 902 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں اور اس کے لیے 552ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 52 فکسڈ ٹیمیں اور باقی موبائل ٹیمیں ہیں اور ان ٹیموں کے لیے فل پروف سکیورٹی کے لیے 598لیویز پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک،ڈی ایچ او ڈاکٹر وحید گل،اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان،ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحید اللہ کوارڈینیٹر ڈاکٹر مراد،ایم ایس درگئی ہسپتال ڈاکٹر عنایت اللہ صافی نے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیوکے قطرے پلوا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علماء کرام اور میڈیا کے نمائندے بھی موثر انداز میں عوام کو اس مہم سے متعلق آگاہی فراہم کرے۔انہوں نے والدین سے بھی کہا کہ وہ پولیو ویکسین پلانے والی ٹیموں سے بھر پور تعاون کریں اور پورے ملک بالخصوص ضلع ملاکنڈ کو پولیو فری ضلع بنائینگے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں