0

موجودہ حکومت نے ملاکنڈ ڈویژن کو ترقی کے ایک نئے دور میں داخل کردیا، فضل حکیم

سوات (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاح کیلئے وہ کام کررہی ہے جو ماضی کی حکومتیں نہیں کرسکی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور انصاف پر مبنی فیصلے ہو رہے ہیں۔ فیصلوں میں امیر اور غریب کے لئے کوئی تفریق نہیں۔ فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ ضلع سوات میں کرپٹ افسران کیلئے کوئی جگہ نہیں اگر کرپشن میں کوئی بھی سرکاری ملازم ملوث پایا گیا تو قانونی کاروائی کے ساتھ ساتھ ضلع بدر کیا جائیگا۔ موجودہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے،کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے رہ گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیڈک دفتر سیدو شریف میں پی ٹی آئی ورکرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ڈیڈک نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کو جو عزت اور وقار ملا اس کی وجہ وزیراعظم عمران خان ہیں۔ پاکستان کو ایک ایسا مخلص لیڈر ملا ہے جس نے ملک کا تشخص بحال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سوات نے ہمارے دور حکومت میں جتنی ترقی کی اس کی مثال کسی اور دور حکومت میں نہیں ملتی اور یہ سوات پر ہماری مہربانی نہیں بلکہ سوات کے عوام کا حق اور حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ہم اس سرمایہ کو ضائع ہوتے نہیں دیکھ سکتے اسلئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ دی جارہی ہے۔نوجوانوں کے سماجی تحفظ،صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز میرے خاندان کا حصہ ہے میرے دفتر اور حجرے کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، ورکرز جہاں بھی چاہیے میں حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن وزیراعظم عمران خان کے چاہنے والوں کا گڑھ ہے اور عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے، جن میں تعلیم، صحت، صاف پانی،شاہراہوں کی تعمیر،گلی کوچوں کی پختگی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے شامل ہیں ان منصوبوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوام کی خواہشات اور مشاورت سے مکمل کررہے ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں