0

کورونا ویکسین لےکر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا

 اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا وبا کے خلاف ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 خصوصی طیارہ چین سے 5 لاکھ ڈوزز لے کر نور خان ایئر بیس پہنچ گیا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے ایئرپورٹ پرویکسین وصول کی۔ ویکسین چینی وزیراعظم کی جانب سے عطیہ کی گئی جو ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور طبی و غیر طبی عملے کو لگائی جائیں گی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سائنوفارم ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی او سی اور صوبوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کورونا ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ہی دی جائے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد میں ویکسین کے ذخیرے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ صوبوں کو ویکسین کی منتقلی کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں، این سی او سی میں ویکسین نرو سینٹر جبکہ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین کوارڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ کورونا ویکسین کے لئے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے لیے روانہ ہوا تھا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں