0

امیرجماعت اسلامی کی کال پرمہنگائی اوربے روزگاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کال پر ملک میں موجودہ تاریخی اور بدترین مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تیمرگرہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے بلامبٹ سے تیمرگرہ تک پیدل مارچ کیا۔ احیاء العلوم بلامبٹ سے جما عت اسلامی لوئر دیر کے امیر اعز ازلملک افکاری کی قیادت میں ایک جلوس نکالا گیا۔شرکائنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت،مہنگائی،سودی نظام کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے گوگوری چوک پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے سے ضلعی امیر اعزازلملک افکاری اوردیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی، بے روز گاری ہے۔ائی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر تیار کردہ بجٹ میں عوام کے لئے کچھ نہیں اور اس بجٹ سے مہنگائی کا نیاطوفان آئیگا۔ تا ریخی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ملک میں بے روز گاری ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ڈگری ہولڈرملازمت کی تلاش میں سرگردان ہیں۔وزیر اعظم کی جانب سے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کی وعدیں کہاں گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سودی نظام چل رہا ہے اورسود اللہ تعالیٰ سے جنگ کے مترادف ہے۔مدینہ کی ریاست اور سودی نظام دو متضاد چیزیں ہیں اور جب تک ملک سے سود کا نظام ختم نہیں کیا جاتا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔انھوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان ماضی میں مہنگائی،تیل وگیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو وزیر اعظم کی چوری سے تعبیر کرتے تھے لہذا حکومت موجودہ مہنگائی کا جواز پیش کرے۔بدترین مہنگائی کی وجہ سے ہر طبقہ زندگی بری طرح پس رہا ہے۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور آٹا،چاول،چینی،گیس،پٹرول،بجلی اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں واضح کمی لائی جائے تاکہ غریب طبقہ سکھ کا سانس لے سکے۔اسی طرح جماعت اسلامی نے مہنگائی، بیروزگاری کرپشن اورلوڈ شیڈنگ کیخلاف خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے کالج مسجد سے سواڑی چوک تک واک کی۔مقررین کا کہنا تھا کہ مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے۔ کرپشن عروج پر ہے۔سیاسی مداخلت سے محکمے تباہ ہوگئے ہیں۔ ضلع بھر کیلئے کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ منتخب ممبران نے نہیں لایا۔ دوسری جانب جماعت اسلامی شمالی وزیرستان کے زیر قیادت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ شرکا نے پاکستان مارکیٹ سے ریلی نکال کر جلوس کی شکل میں پریس کلب تک مارچ کیا۔احتجاجی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی شمالی وزیرستان کے امیر ملک رحمن اللہ نے کی۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اورہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔امیر جماعت اسلامی ملک رحمان اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔اشیائے خورد نوش عوام کے دسترس سے باہر ہوگئے ہیں۔حکومت میں بیٹھے آٹا چور وں اورچینی چوروں پر سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں