0

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے 1998 کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا جس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اور اپریل میں کھیلی جائے گی۔مہمان ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کا آغاز 3 مارچ سے ہوگا۔سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔سیریز کے چاروں ایک روزہ میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تینوں ایک روزہ میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کھیلنا یہاں موجود مداحوں کے لیے بہترین لمحہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح یہ آسٹریلوی کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گرانڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کے عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کر سکتے ہیں۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہولے نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور ہماری آئندہ سال وہاں روانگی وہاں موجود کرکٹ مداحوں کو مزید پرجوش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اس کی مثال متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور اس سیریز کے لیے لاجسٹک، سیکیورٹی اور کووڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔نک ہولے نے کہا کہ ان کے لیے ان کے کھلاڑیوں کو سپورٹ اسٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے اور وہ اس سلسلے میں پی سی بی اور متعلقہ ایجنسیوں سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ اس تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، دورے کے دوران وہ پی سی بی عہدیداران، صوبائی اور وفاقی حکام سے ملاقاتیں کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران مارک ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم نے سیریز 0-1 سے اپنے نام کی تھی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں