پشاور( ) اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے ٹرائبل ہاسٹل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سیکنڈ ایئر کے طالب علم زاہد آفریدی، ساکن درہ آدم خیل، اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق معاملہ مبینہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔ پولیس اور ہاسٹل ذرائع کے مطابق واقعہ ٹرائبل ہاسٹل کے کمرہ نمبر 29 (02 سیٹر) میں پیش آیا۔ متوفی کے روم میٹ سمسور خان، ساکن لنڈی کوتل، نے بتایا کہ وہ کسی کام سے دوسرے کمرے میں موجود تھا۔ واپس آنے پر کمرہ اندر سے بند پایا گیا۔ شک ہونے پر کھڑکی توڑ کر اندر دیکھا گیا تو زاہد کی لاش لٹکی ہوئی تھی، جس کے بعد فوری طور پر ہاسٹل انتظامیہ اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی رائے تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی دی جا سکے گی ذرائع کے مطابق زائد ایک باصلاحیت ایتھلیٹ تھے اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد میڈلز حاصل کر چکے تھے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر سے تعلیمی حلقوں، ساتھی طلبہ اور اہلِ علاقہ میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔