پشاور( مانند نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیرِ اہتمام نئے داخلہ لینے والے طلبہ کی سہولت اور رہنمائی کے لیے داخلہ رہنمائی کیمپ کا آغاز ہوگیا۔ کیمپ خیبر میڈیکل کالج کے سامنے لگایا گیا ہے جو کہ انٹرویوز کے اختتام تک جاری رہے گا۔ پہلے ہی روز ہزاروں طلبہ و طالبات نے کیمپ کا رخ کیا اور رہنمائی حاصل کی۔ کیمپ میں داخلہ فارم کے حصول و پر کرنے، انٹرویو کی تیاری، مختلف ڈیپارٹمنٹس کے متعلقہ معلومات، میرٹ لسٹ اور دیگر اہم معاملات پر رہنمائی فراہم کی جارہی ہے تاکہ طلبہ بغیر کسی دشواری کے اپنے داخلہ کا عمل مکمل کرسکیں۔ ناظم جامعہ ارشد خان اور جمعیت کے دیگر ذمہ داران اس موقع پر طلبہ کی خدمت اور رہنمائی میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہمیشہ طلبہ کے مسائل کے حل اور ان کی راہنمائی کے لیے موجود رہی ہے اور آئندہ بھی طلبہ کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ داخلہ رہنمائی کیمپ دراصل اسلامی جمعیت طلبہ کی اس روایت کا تسلسل ہے جس کے تحت ہر سال نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ یہ کیمپ طلبہ کو ہر ممکن سہولت دینے کے عزم کے ساتھ انٹرویوز کے اختتام تک جاری رہے گا۔