0

ہزارہ ڈویژن: جنگلات میں آگ سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور سخت اقدامات کی ہدایت

ہزارہ (مانند نیوز)ہزارہ ڈویژن میں جنگلات کو آگ سے محفوظ بنانے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں محکمہ جنگلات کے افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں موسم گرما، خشک موسم اور عیدالاضحیٰ کے دوران سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے ممکنہ خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر رابطہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ فارسٹ، ریزرو فارسٹ۔، گزرا فارسٹ اور آبی ذخائر کے اطراف آگ لگنے کی صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ذمہ دار ہوں گے۔اجلاس میں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حساس مقامات پر کیمرے نصب کرنے، محکمہ جنگلات اور دیگر اداروں کے درمیان مشترکہ عملی مشقوں کے انعقاد اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو فعال بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔کمشنر ہزارہ نے عیدالاضحیٰ کے دوران خصوصی گشت بڑھانے، سیاحوں میں آگ سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ناران میں پودوں کی نرسری کے قیام اور سیاحوں کو شجرکاری کے لیے پودے فراہم کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ سے جنگلات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔اجلاس کے دوران جنگلات کے تحفظ، لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام اور خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں

17 − 11 =