پشاور(مانند نیوز) فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی خیبرپختونخوا کے چیئرمین انجینئر عرفان خان نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی مثبت رہنمائی، تعلیم اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی نوجوانوں میں قیادت، شعور، جدید تعلیم، آئی ٹی، ٹیکنالوجی، اسکلز ڈویلپمنٹ اور کاروباری سوچ کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے بعد فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے مختلف پارلیمانی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ دوسرا پارلیمانی سیشن ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور، تیسرا اجلاس ٹاؤن تھری ہال پشاور جبکہ چوتھا پارلیمانی سیشن ڈسٹرکٹ کونسل ہال سوات میں منعقد ہوگا۔ ان اجلاسوں میں نوجوانوں کو پارلیمانی نظام، قیادت، سماجی شعور اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مختلف موضوعات پر تربیتی اور فکری نشستیں منعقد کی جائیں گی۔انجینئر عرفان خان نے مزید کہا کہ ان سرگرمیوں کے بعد فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی کے زیر اہتمام پہلا اور سب سے بڑا یوتھ سیمنار جِنّاح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا، جس میں خیبرپختونخوا، پنجاب اور ملک بھر سے نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس یوتھ سیمنار کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ قیادت، تعلیم، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اسکلز، کاروباری مواقع اور روشن مستقبل کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیوچر لیڈر یوتھ اسمبلی نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
0





