بیجنگ( مانند میڈیا) پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، چین نے پاکستانی خلا باز کو اپنے آئندہ خلائی مشن شین ژو 24 میں شامل کر لیا ہے۔ اس مشن میں پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز ہوگا۔ مشن کی روانگی رواں سال کے اختتام تک متوقع ہے، تاہم چینی خلائی ادارے نے حتمی تاریخ اور پاکستانی خلا باز کا نام ظاہر نہیں کیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی خلا باز مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ حصہ لے گا۔ چین کے خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، تاہم روانگی کی تاریخ سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق معاہدے کے تحت تربیت مکمل کرنے والے پاکستانی خلا باز آئندہ چند برسوں میں چینی خلا بازوں کے ساتھ مختصر دورانیے کے خلائی مشنز میں حصہ لیں گے۔ چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق پاکستانی خلا باز مختصر دورانیے کی خلائی پرواز مکمل کرنے کے بعد شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔ یہ خلائی جہاز رواں سال مئی میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچا تھا۔ چین نے تاحال مشن میں شامل ہونے والے پاکستانی خلا باز کا نام ظاہر نہیں کیا۔ تاہم رواں سال اپریل میں بتایا گیا تھا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خلا بازوں کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ پاکستانی خلائی ادارے کے ایک عہدیدار نے ستمبر میں خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ دونوں پائلٹس بیجنگ کے چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں کئی ماہ سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 19 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا۔ انہوں نے نارووال میں عالمی خلائی ہفتے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی بتایا تھا کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ کا پہلا مشن ہوگا جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز ایک ساتھ خلائی سفر کریں گے۔ چین نے گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنے خلائی پروگرام پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور 2030 تک انسان کو چاند پر اتارنے کا ہدف رکھتا ہے