کوہاٹ (مانند نیوز)رکن خیبرپختونخوا اسمبلی شفیع جان نے پریس کانفرنس میں اپنے حلقہ نیابت بشمول کوہاٹ شہر میں 18 تا22 گھنٹے کی ناروا لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر لوڈشیڈنگ کی صورتحال یہی رہی تو کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو مقامی سیاسی قیادت کے باہمی مشاورت سے گرینڈ اجلاس منعقد کریں گے اورپیسکو کو ڈیڈلائن دیں گے اگر اس کے بعد بھی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پھر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری پیسکو حکام پر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم تاریکی میں رہیں اوریہاں سے جانے والی بجلی سے دوسرے علاقے روشن رہیں۔ایسا ہر گز نہیں ہوگا۔ شفیع جان نے کہا کہ کوہاٹ لاوارث نہیں پی ٹی آئی کو واضح مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ لہٰذا ہم کوہاٹ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اوراس کے حقوق ہر حال میں دلا کررہیں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی نے بجلی اورگیس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بل دینے کو سب تیار ہیں لیکن ادائیگی نہ کرنے کی وجہ غلط اور اضافی بلنگ ہے اگر اس کا تدارک کیا جائے تو ادائیگی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔