سخاکوٹ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ الطاف احمد شیخ کے خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر درگئی فواد خان خٹک کی نگرانی میں ملاکنڈ لیویز نے لاکھوں روپے کی آئیس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ کاروائی کے دوران دو کلو گرام آئیس،64لیٹر شراب برآمد کرکے ایک خاتون سمگلراور ان کے دو ساتھیوں سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ضلع ملاکنڈ میں مختلف کاروائیوں کے دوران اب تک بھاری مقدار میں شراب اور دیگر منشیات برآمد کی گئی ہے جس میں ملوث ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔آئس سمگلنگ سمیت منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ الطاف احمد شیخ نے اسسٹنٹ کمشنر درگئی فواد خان خٹک، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ خان، صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز سمیع باچہ اور پوسٹ کمانڈر پیر جمال شاہ، آئی ایچ سی فریداللہ اورعلی رحمت خان کے ہمراہ تھانہ درگئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ کو منشیات فری ضلع بنانے کے لئے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کی گئی جس میں ایک کاروائی کے دوران دوکلو گرام آئیس سمیت بھاری مقدار میں شراب اور دیگر منشیات برآمدکرکے ایک خاتون سمگلر مسماۃ (ر) زوجہ شاہدخان، زین اللہ ولد شاہدخان ساکنان شاہ عالم پشاور اور نظر گل ولد محمدگل ساکن لگڑیاں پشاورکو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر الطاف احمد شیخ نے کہا کہ ملاکنڈ لیویز کے جوانوں نے گذشتہ چند دونوں کے دوران 64لیٹر شراب، چرس اور ہیروئن بر آمد کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جس میں ملاکنڈ کے غیور عوام انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ کے ہر قسم کے منشیات اور جرائم سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے اور تمام لیویز تھانوں کے پوسٹ کمانڈرز اور خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو خصوصی ٹاسک حوالہ کیا گیا ہے جس میں خاطر خواہ کامیابیاں ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام منشیات کے روک تھام کے لئے بلا خوف و خطر انتظامیہ کیساتھ تعاون کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا درگئی لیویز نے مخبر کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر فواد خان خٹک،صوبیدار میجر سمیع باچہ اور پوسٹ کمانڈر پیر جمال شاہ سمیت دیگر دیگر جوانوں کے ہمراہ مہردے کے قریب کاروائی کے دوران دوکلو گرام آئیس برآمد کی ہے جو کہ ملاکنڈ کے تاریخ کی اب تک آئیس سمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کاروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور اور صوبہ کے دیگر اضلاع سے آئیس اور دیگر منشیات ضلع ملاکنڈ اور آپر اضلاع کو سپلائی کی جاتی ہیں جس کے روک تھام کے لئے تمام اضلاع کے پولیس فورس اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی اقدامات کرنے چاہئے تاکہ نوجوانان وطن کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جاسکے۔