اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز اب اینٹی اسٹیبلشمنٹ چورن بیچیں، عدلیہ کے خلاف بیانات شروع ہوگئے، فوج کیخلاف اگلے چند دنوں میں شروع ہوجائیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سو پیاز اور سو چھتر کا محاورہ جیسا ن لیگ پر صادق آتا ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے اسٹیبلشمنٹ کی کوکھ سے جنم لیا، آپس میں طے کیا ایک پرو اسٹیبلشمنٹ سیاست کرے گا، دوسرا اینٹی اسٹیبلشمنٹ منجن بیچے گا،ایک کا منجن ناکام ہو تو دوسرا آگے کر دو، یہی فارمولا اگلی نسل میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے، اب ن لیگ کو لگا عمران خان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم میں خامی یہ ہے کہ 1990 والے لوگ اب نہیں اور مقابلہ بھی عمران خان سے ہے، ن لیگ کی حکمت عملی اسے سیاست سے مکمل باہر کر دے گی لیکن اداروں کو نقصان ہوگا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپنی حدود میں رہتے تو کچھ نہیں تھا لیکن بہرحال اب اداروں کو ن لیگ نے ٹارگٹ کرنا ہے۔