راولپنڈی(مانیند میڈیا) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ پاک فوج کے دو افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 20 ستمبر 2026 کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں فورسز کے جوانوں کی موثر کارروائی کے باعث 8دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرنے والے 2 بہادر افسران نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ 4 جوان بھی شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید کیپٹن ابوذر فاروق کی عمر 23 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا، جبکہ شہید لیفٹیننٹ شیراز بابر کی عمر 22 سال تھی اور وہ ضلع چکوال کے رہائشی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے وژن ”عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری بلاامتیاز انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے تحفظ کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔