پشاور (مانند میڈیا) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں ’’بدلتا خیبر پختونخوا مہم‘‘ کے تحت عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہری پور رقیہ نواز خان نے اپنے دفتر میں مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور اس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں، غیر معیاری اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں اور عوام کی صحت کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔ خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد کو حفظانِ صحت کے مقررہ اصولوں، فوڈ سیفٹی قوانین اور معیاری خوراک کی فراہمی کے تقاضوں پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام میں خوراک میں ملاوٹ کے نقصانات، محفوظ اور صحت بخش غذا کے استعمال اور صحت عامہ کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری اداروں اور میڈیا کے باہمی تعاون سے عوام کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری خوراک کی فراہمی کے مقصد کو زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔میڈیا نمائندگان نے ’’بدلتا خیبر پختونخوا مہم‘‘ کو عوامی مفاد کے لیے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون، عوامی آگاہی کے فروغ اور ذمہ دارانہ صحافتی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بریفنگ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے محفوظ خوراک کی فراہمی، ملاوٹ کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ اداروں اور میڈیا کے مشترکہ تعاون سے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور ملاوٹ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔