اسلام آباد (مانند میڈیا) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 20 کروڑ ڈالر کے تجارتی حجم کے حصول کیلئے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالدیپ کے صدر کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم موڑ اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا جبکہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی کے نئے دور کا خواہاں ہیں، اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی، پاکستانی تعمیراتی اورانجینئرنگ کمپنیاں مالدیپ کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں مالدیپ-پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان، مالدیپ کے ہمراہ وفد کے ارکان اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو پاکستان کے مخلص دوست ہیں اور ان کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم موڑ ثابت ہوگا، یہ دورہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم کو فروغ دینے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے قریبی برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کا فیصلہ کیا ، اس وقت دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہیجسے آئندہ دو برسوں میں بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں پاکستان اور مالدیپ کی کاروباری شخصیات اور اداروں سے کہنا چاہوں گا ہمارے پاس ایک موقع موجود ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے ہم اسے ایک ٹھوس عملی منصوبے میں تبدیل کر سکتے ہیں، اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر مشترکہ کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ مالدیپ کے صدر کی وطن واپسی کے بعد پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد مالدیپ بھیجا جائے گا جن کا مالدیپ میں متعلقہ شعبوں میں برآمدات میں تجربہ ہوگا، متعلقہ وفاقی وزراء اور سرکاری حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھرپور تیاری کرتے ہوئے تجارتی حجم کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ہمیں معمول سے بڑھ کر کوششیں اور محنت کرنا ہوگی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان فضائی رابطوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے بہت ضروری ہیں، اسلام آباد اور مالے کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا عزم رکھتے ہیں، اس وقت پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست فضائی پروازیں نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وزارت ہوا بازی کو براہ راست پروازوں کے لیے فوری فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ براہ راست فضائی پروازیں جتنی جلدی ممکن ہو شروع کی جا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بحری رابطے بھی اہمیت کے حامل ہیں، لہذا مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کے لیے اس ضمن میں بھی مستعدی سے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مالدیپ کے کسی صدر نے 11 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا ہے، امید ہے کہ اب یہ دورے تواتر سے ہوں گے۔ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان-مالدیپ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم بہت اہمیت کا حامل ہے جس کے انعقاد اور اس میں شرکت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات کے اجتماع سے خطاب کرنا باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو گہرے برادارانہ تعلقات سے عبارت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات کے 60 سال مکمل ہونا باہمی اعتماد اور دوستی کا ثبوت ہے، پاکستان اور مالدیپ کی دوستی اور سفارتی اعتماد گہرا ہے، پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی کے نئے دور کا خواہاں ہیں۔ صدر محمد معیزو نے کہا کہ یہ نہایت مناسب وقت ہے کہ ہم اپنے برادارانہ تعلقات کو تجارتی روابط، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کردی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے