اسلام آباد(مانند میڈیا) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی سے متعلق دوطرفہ مذاکرات ہوئے، جن میں خطے اور عالمی سطح پر سیکیورٹی کی صورتحال، دہشت گرد تنظیموں سے لاحق خطرات اور علاقائی استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے افغانستان میں موجود اور وہاں سے سرگرم دہشتگرد گروہوں، خصوصا تحریک طالبان پاکستان یعنی ٹی ٹی پی کی مسلسل سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسداد دہشتگردی سے متعلق سالانہ دوطرفہ مذاکرات 4 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوئے، جن میں دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی کے بدلتے ہوئے خطرات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسداد دہشت گردی ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے کی، جبکہ برطانوی وفد کی سربراہی فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس میں قومی و اقتصادی سلامتی کے ڈائریکٹر تھامس بیری نے کی۔ مذاکرات کے دوران برطانوی وفد نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشتگرد تنظیموں، بالخصوص سرحد پار سرگرم نیٹ ورکس سے لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر افغانستان میں موجود اور وہاں سے کارروائیاں کرنے والے دہشت گرد گروہوں، بشمول ٹی ٹی پی، کی مسلسل موجودگی پر تشویش ظاہر کی گئی۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے افغانستان کا مستحکم اور محفوظ ہونا ناگزیر ہے۔ مذاکرات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر جاری انسداد دہشت گردی تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشتگردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے غلط استعمال، آن لائن انتہا پسندانہ پروپیگنڈے، غلط اور گمراہ کن معلومات کی مہمات اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کے پھیلائو جیسے نئے خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون کے نئے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ برطانوی اور پاکستانی وفود نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا اور انسداد دہشتگردی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کا اگلا دور 2027 میں لندن میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر منعقد ہوگا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے