ہنگو(مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر ہنگو کی کوششیں رنگ لے ائیں، کوٹکی پایان کے لیے واٹر سپلائی منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا، نورن باز کورونہ کے لیے 2017 میں واٹر سپلائی اسکیم منظور ہوئی تھی، دو فریقین میں تنازعے کی بدولت منصوبہ تعطل کا شکار تھا، ڈپٹی کمشنر ہنگو رفیق خان مہمند کی کوششوں کی بدولت فریقین میں مصالحت ہوئی، اے ڈی سی(فنانس) احسان اللہ خان۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس احسان اللہ خان نے پبلک ہیلتھ کے ایس ڈی او نجیب خٹک اور دیگر حکام کے ہمراہ کوٹکی پایان کھ علاقے نورن باز کورونہ کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام شروع کرا دیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس احسان اللہ خان نے صحافیوں کو بتایا کہ اسکیم 2017 میں منظور ہوئی تھی مگر دو فریقین کے درمیان تنازعے کے باعث اس پر کئی سال تک کام شروع نہ ہو سکا۔جس پر ڈپٹی کمشنر رفیق خان مہمند نے دونوں فریقین کے درمیاں مصالحت کروا کر منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس احسان اللہ خان نے بتایا کہ اب منصوبے پر کام کا آغاز کیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس منصوبے کی نگرانی کی جائے گی تاکہ جلد از جلد مفاد عامہ کے اس منصوبے کو مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی کی اس اسکیم کی تکمیل سے علاقے میں پینے کے پانی کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کر لیا جائے گا۔