لاہور(مانند نیوز ڈیسک)توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعدپولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک لاہور سے گرفتار کر لیا۔توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے احکامات کے بعد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کے گھر کے اندر سے ہی گرفتار کیا۔ذرائع کے مطابق پولیس کی سیکیورٹی ٹیم وارنٹ لے کر سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی جہاں حکام نے ان کے سکیورٹی افسران کوبتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے وارنٹ گرفتاری آ گئے ہیں جس پر انہیں گرفتار کرنا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے اندر جا کر گرفتار کیا، اس دوران پولیس کی ایک گاڑی اندر گئی اور باقی اہلکار باہر ہی موجود رہے۔ذرائع کے مطابق پولیس افسران اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان کچھ دیر بات چیت ہوئی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے وقت کوئی مزاحمت نہیں کی، ان کو گھر کے اندر سے ہی گاڑی میں بٹھایا گیا اور پولیس براستہ ٹھوکر نیاز بیگ انہیں لے کر موٹروے سے اسلام آباد روانہ ہوئی۔