ایبٹ آباد(مانند نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات نشریات و سیاحت خیبر پختون خوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن امان کا قیام نگران حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے کاؤنٹر ٹیررازم فورس (سی ٹی ڈی ) کی استعداد کار کو دگنا کیا ہے۔پرعزم ہیں دہشتگردی پر جلد قابو پالیں گے۔خیبر پختون خوا کی قدرتی خوبصورتی دنیا میں کہیں نہیں ہے ۔صوبہ میں سیاحت کے فروغ کا تہیہ کیا ہے۔ذمہ دار سیاحت کے لیے غیر قانونی تعمیرات روک کر جنگلات کا تحفظ کیا جائے گا۔نتھیا گلی ،ٹھنڈیانی ،ناران کاغان سمیت صوبہ بھر کے سیاحتی علاقوں میں سرکاری گیسٹ ہاؤس ،ہوٹل ،پلاٹوں اور اراضی کو من پسند افراد میں الاٹ کئے جانے پر انکوائری آخری مراحل میں داخل ہے۔سیاح خیبر پختون خوا آئیں ان کے ساتھ بہترین مہمان نوازی سے پیش آئیں گے۔خیبر پختون خوا میں الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دینی ہے۔ نگران حکومت اس کے لئے مکمل تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد کے پرفضا سیاحتی مقام نتھیاگلی میں بصارت سے محروم خصوصی بچوں کے لئےمنعقدہ پانچ روزہ مطالعاتی دورہ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں ڈائریکٹر ٹیکنکل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذاہد کاظمی،گورنمنٹ سکول برائے نابینا پشاور کے پرنسپل محمد عارف ، بلائنڈ گرلز سکول کے پرنسپل سردار ایاز نے خطاب کیا ۔اس موقع پر بصارت سے محروم پشاور اور ایبٹ آباد کے طلباء وطالبات بھی موجود تھے.صوبائی وزیربرائے اطلاعات وسیاحت بیرسٹرفیروز شاہ کاکا خیل کا کہنا تھاخصوصی بچوں کے لئے ہر سال ایسی صحت مندانہ تقریب کا انعقاد کروایا جائے گا۔ جس میں قومی اور بین الاقوامی خصوصی بچوں کو شامل کریں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ قدرتی پرفضا مقام کی خوبصورتی کو دل کی آنکھوں سے دیکھنے کی ضرورت ہے ۔سرسبز پہاڑی علاقے کے لوگ مہمان نواز ہیں ۔محکمانہ طور پر اس میں غفلت نہیں ہونی چائیے۔ سیاحوں کو بہترین انداز میں خوش آمدید کرکے خوشی سے رخصت کریں ۔انہوں نے سیاحوں پر بھی زور دیا کہ وہ مقامی ثقافت کے مطابق اپنی چھٹیوں کو گزاریں ۔اور صحت افزاء مقامات پر گندگی پھیلانے سے گریز کریں ۔پرنسپل گورنمنٹ سکول برائے نابینا پشاور محمد عارف ،سینئر ممبر اویس عالم کا کہنا تھا ادارہ کا قیام 1962 میں کیا گیا۔جو اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے جہاں پرائمری تک تعلیم دی جاتی تھی ۔ 2018 کے بعد اس کی اپ گریڈیشن ہوئی جماعت نہم کے طلبہ نے سوفیصد کامیابی حاصل کی ۔ادارہ میں ٹیکنیکل کی تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔تاکہ مستقبل میں وہ معاشرے پر بوجھ نہ بنیں ۔ادارہ میں نابینا بچوں کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ مطالعاتی دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ بچوں کو مواقع فراہم کئے جائیں تو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خیبر پختون میں 13 بصارت سے محروم بچوں کے تعلیمی ادارے ہیں۔یہ ادارہ تمام اداروں کو کتب فراہم کررہا ہے۔انہوں صوبائی نگران وزیر کو صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نابینا بچوں کے لئے ثمر کیمپ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔جی ڈی اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل ذاہد کاظمی کا کہنا تھا خصوصی بچے قوم کا اثاثہ ہیں ۔ان کے لئے آئندہ بھی سردی اور گرمی کے موسم کی تقریبات میں خصوصی طور پر شامل کریں گے۔انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ سیاح خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئےضرور آئیں۔ جی ڈی اے ان کےلئے سال کے 12 ماہ موجود ہے ۔سیاح صفائی برقرار رکھنے کے لئے محکمہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ خوشگوار ماحول برقرار رہے۔گلیات میں سیاحوں کی آمدو رفت ذیادہ ہو چکی ہیں جس میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ پہلی مرتبہ خصوصی بچوں کے لئے سیاحتی مقام پر سرکاری سرپرستی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں صوبہ سے 150خصوصی طلبہ کا پانچ روزہ مطالعاتی دورہ رکھا گیا۔تقریب میں بصارت سے محروم بچوں کو محظوظ کرنے کے لئے بصارت سے ہی محروم افراد نے اردو ،ہندکو اور پشتو کے ثقافتی گانوں سے تقریب کو چارچاند لگائے ۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے ۔اور سرکاری پروٹوکول میں ایبٹ آباد کے بصارت سے محروم بچوں بچیوں کونتھیا گلی کلب تک لے کے آئے اور ان کے ساتھ کھانے میں شریک رہے تقریب کے اختتام پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سید فیروز شاہ اور پرنسپل گورنمنٹ سکول برائے نابینا محمد عارف کو خصوصی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔اور خصوصی بچوں کے ہمراہ صوبائی وزیر نے نتھیا گلی کے خوبصورت مقام کی سیر بھی کی۔