لاہور(مانند نیوز) ایئرپورٹ اور اطراف میں طوفان باد و باراں کے باعث پروازوں کیلئے مشکلات پیدا ہوگئیں جس کے باعث ایک پرواز ملتان میں اتار دی گئی جبکہ 10 پروازوں میں تاخیر ہوگئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث حد نگاہ 1500 میٹر تک گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارش اور طوفان بادوباراں کے سبب پروازوں کو لینڈنگ اور ٹیک آف میں دشواری کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق جدہ سے لاہور آنے والی نجی ایئر کی پرواز پی اے 471 علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکی۔ پرواز کو فضا میں انتظار کے بعد ملتان ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر طیارے میں رہے، ری فیولنگ کے بعد موسم بہتر ہونے پر طیارہ واپس لاہور پہنچ گیا جبکہ کراچی، کویت، تاشقند، اسکردو اور ریاض سے لاہور کی پروازوں میں تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔