تہران منامہ دوحہ (مانند میڈیا): مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے مشرقی آبنائے ہرمز میں ایک اور امریکی ڈرون (MQ-1C ER) مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ بحرین نے ایرانی حملوں کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری کارروائی اور ہرجانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے 24 گھنٹوں کے دوران چوتھا اور مجموعی طور پر 20واں امریکی MQ-1C ER ڈرون تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے خبردار کیا کہ ایران کی فضائی حدود ہماری مسلح افواج کے لیے سرخ لکیر (Red Line) ہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل رضائی نے کہا کہ 2026ء کا ایران اب 1943ء کی تہران کانفرنس یا 1945ء کی یالٹا کانفرنس والا ملک نہیں رہا، اور نہ ہی امریکہ اب اس دور کی سپر پاور ہے بلکہ وہ ایک شکست خوردہ ملک بن چکا ہے۔ نائب اسپیکر پارلیمنٹ حمید رضا حاجی بابائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فوجی نقصانات چھپانے کے لیے ڈرونز کے جعلی اعداد و شمار پیش کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ ادھر بحرین نے اتوار کے روز مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل ایران کو جوابدہ ٹھہرائے اور حملوں کا مکمل ہرجانہ دلوائے۔ بحرینی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کے روز ایک صنعتی تنصیب پر ہونے والے ایرانی حملے کو شہری تنصیب قرار دیتے ہوئے تہران کے جواز کو مسترد کر دیا، جہاں حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بحرین نے واضح کیا کہ وہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تنہا یا اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپنے منتخب کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے جواب میں بحرین میں الرفاع اور عوالی کے مقامات پر امریکی فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔