کراچی (مانند میڈیا) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیٔرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ قرضوں کا بڑھتا بوجھ عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی گنجائش ختم کر رہا ہے۔ پاکستان کا عوامی قرض جون 2026 تک 86.72 کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ قرضوں کے سود کی ادائیگی میں وفاقی آمدن کا تقریباً 38 فیصد صرف ہو رہا ہے۔ حکومتی دعووں کے مطابق قرضوں کا تناسب جی ڈی پی کے 70.6 فیصد سے کم ہو کر 68.3 فیصد ہوگیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مالی سال 2026 میں سود کی ادائیگی 6.948 کھرب روپے رہی۔ ملکی قرض 9 فیصد اضافے سے 59.44 کھرب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی بھی اربوں ڈالر میں جاری ہے۔ پاسبان ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیٔرمین الطاف شکور نے کہا کہ حکومت پرانے قرضوں کی ادائیگی کے لیے نئے قرض لے رہی ہے، جس سے قرضوں کا دائرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ مالی سال 2027 کے بجٹ میں قرضوں کی ادائیگی کے لیے 8.054 کھرب روپے مختص کیے گئے، جو وفاقی بجٹ کا 42.9 فیصد ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں خالص آمدن کا تقریباً نصف قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہوگیا، جبکہ ترقیاتی اخراجات صرف 80 ارب روپے رہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں اور سود کی ادائیگی میں بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہونے کے باعث تعلیم، صحت، عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبے نظر انداز ہو رہے ہیں۔ حکومت ٹیکس نیٹ وسیع کرنے، غیر ضروری اخراجات کم کرنے اور قرضوں پر انحصار ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ بصورت دیگر عوام مہنگے ٹیکسوں، ناقص سرکاری خدمات اور ترقیاتی محرومیوں کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے#