ایپوہ (مانند میڈیا) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ایک اور فتح اپنے نام کرلی، ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں امریکا کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرا دیا۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے اپنا دوسرا میچ امریکا کے خلاف کھیلا، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے زیر کیا۔ پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی، پاکستان کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز دوسرے کوارٹر میں ہوا، جب اٹھارہویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے گول کیا، 21 ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری دُگنی کردی۔ کھیل کے تیسرے کوارٹر میں امریکا کے سیکائی نے گول کرکے مقابلہ 1-2 کیا، فوراً ہی محمد عماد نے گول کرکے اسکور 3-1 کردیا۔ کھیل کے آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم مزید 2 گول کرنے میں کامیاب ہوئی، جو 46 ویں منٹ میں ابو محمد اور 58 ویں منٹ میں حنان شاہد نے اسکور کیے، یوں پاکستان نے 1-5 سے میچ اپنے نام کیا۔