اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں اور ان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمدنے کہا کہ8 فروری کے الیکشن صاف وشفاف اور قانون کے مطابق نہیں تھے، یہ ایک جعلی الیکشن تھا، الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن انتخابات میں غداری کامرتکب ہوا۔کیاچند سرکاری افسر بند کمروں میں بیٹھ کر 25 کروڑ لوگوں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے؟یہ آزادی اس لئے حاصل نہیں کی تھی کہ یہ قوم چند سرکاری افسران کی غلام بن جائے۔ملک بھر کے عوام، نوجوانوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں، پورے ملک میں آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ یہ الیکشن پہلے ہی بک گیا تھا، دھاندلی کی تمام قسمیں ہم نے اس الیکشن میں دیکھی، الیکشن اس لئے کرایا جاتا ہے تاکہ بحران سے نکلا جاسکا۔ الیکشن کمیشن انتخابات میں غداری کا مرتکب ہوا ہے، بلٹ نے بیلٹ کو اغوا کیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن معافی مانگے،چیف الیکشن کمشنرمستعفی ہوں اور ان پر آئین کا آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ آٹھ فروری کو موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی اسی وقت پتہ چل گیا کہ انتخابات شفاف اور آزادانہ نہیں،دال میں کچھ کالا نہیں، ساری دال کالی ہے۔الیکشن کے سودے پہلے سے ہوگئے تھے اس کے مطابق نتائج کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے باتوں میں کچھ تو سچ ہے، کراچی میں ہمارے امیر نے اپنی سیٹ واپس کردی کیونکہ وہاں پی ٹی آئی امیدوار جیتا تھا، لیاقت چٹھہ نے کچھ حد تک کچا چٹھا کھول دیا۔سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ الیکشن پرجو 50 ارب خرچ ہوا وہ ذمہ داران لوگوں سے وصول کریں اور سپریم کورٹ کی سطح پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ایک صوبائی حلقے پرالیکشن کاخرچہ ڈھائی کروڑروپے ہے،بجلی اورگیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے اور یہ پیسہ الیکشن کمیشن کودیاجارہاہے۔جماعت اسلامی کے سینیٹر نے کہا کہ دھاندلی کرنے والے پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں،یہ کیسا الیکشن ہے جس کے بعد جمہوریت کی تنزلی ہوئی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے