بٹگرام (مانندنیوز )بٹگرام: ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے محکمہ زراعت کے دفتر کا دورہ کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی، سٹاف کی حاضری اور زمینداروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے زرعی سہولیات اور زمینداروں کے لئے دی جانے والی خدمات کا بغور جائزہ لیا اور فوری بہتری کے لئے اقدامات کی ہدایات دیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر آصف علی خان نے ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت کی کہ سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ زمینداروں کو بلا تعطل خدمات فراہم کی جا سکیں۔ مزید براں، بیج، کھاد اور دیگر زرعی سامان کے گوداموں کا معائنہ بھی کیا گیا تاکہ یقین دہانی کی جا سکے کہ تمام ضروری سہولیات دستیاب ہیں اور زمینداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ زمینداروں کو جدید زرعی تکنیکوں اور ضروری معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ علاقائی سطح پر زرعی پیداوار میں بہتری آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کو چاہیے کہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے مؤثر حکمت عملی اپنائیں۔