ہنگو(مانند نیوز)ہنگو میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے امن کمیٹی کے رکن حاجی عزت گل کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، قبائلی مشران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔امن کمیٹی کے رکن شہید حاجی عزت گل کی نمازِ جنازہ اورکزئی ہیڈکوارٹر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس بریگیڈیئر علمگیر، کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصمباللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر ہنگو بصیر علی رحمان، ڈپٹی کمشنر اورکزئی یوسف علی، ڈی پی او ہنگو طارق حبیب، ڈی پی او اورکزئی شوکت علی سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔نمازِ جنازہ میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، قبائلی مشران، ملکان، عمائدینِ علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور شہید کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں شہید حاجی عزت گل کو ان کے آبائی علاقے شاہو وام میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب ڈی پی او کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ حملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ منگل کے روز امن کمیٹی کے چیف ملک عزت گل اپنے گاوں شاہو وام جا رہے تھے کہ کڑاپہ روڈ کے مقام پر ان پر ائی ای ڈی دھماکہ ہوا جس کے بعد وہ شہید ہو گئے اور ایک ساتھی زخمی ہے