اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن و امان کے حوالہ سے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور راستے کھلوانے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔ ایک مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کے دوران ملک کی تمام بڑی شاہراہیں بند کرنے کے معاملہ پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری، چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی اور آئی جی اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمان نے شرکت کی۔ جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس نے ویڈیو لنک کے زریعہ اجلاس میں شرکت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن، جن لوگوں نے قانون کو توڑا ہے اور املاک کو نقصان پہنچایا ہے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بند راستے کھلوانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پورا مینڈیٹ دیا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ جہاں ، جہاں حالات خراب ہیں وہاں 24گھنٹے کے لئے موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کسی بلیک میلنگ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سرکاری املاک اور شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر چلنے والی فوٹیج کو محفوظ کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور جو کوئی قانون کو ہاتھ میں لے اس کے ساتھ سکتی سے نمٹا جائے۔