اسلام آباد(مانند نیوز ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی، دھرنا دینے والے آزاد کشمیر میں الیکشن نہیں روک سکے، دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گاوفاقی وزیر انجیئنر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے فیز 3 کا عمل ہوگیا ہے، دھرنا کرنے والوں کو معلوم ہو جانا چاہیے کہ وہ الیکشن نہیں روک سکے، منتخب حکومت جائز مطالبات پر ضرور نظرثانی کرے گی، آزاد کشمیر کے عوام کو ورغلانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گاانہوں ںے کہا کہ ایک حلقے میں 3 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ روکنے کی کوشش کی گئی، اپنی ہار کو دھاندلی کے ذریعے بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کہا کہ ایک رکن شہید ہوا لیکن وہ دل کے مرض کی وجہ سے وفات پایا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی، پیپلز پارٹی کے دوست آج اور کل بھی دھاندلی کے الزامات لگاتے رہے، ثبوت نہیں دے سکے۔انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ مرحلہ وار الیکشن دھاندلی ہے، پیپلز پارٹی اس بات پر متفق تھی کہ انتخابات مرحلہ وار ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے پیپلزپارٹی کے ہی مطالبے کو مانا، پیپلزپارٹی نے پنجاب کی کسی سیٹ پر میٹنگ اور جلسہ نہیں کیا۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایک پرامن الیکشن کو اس طرح متاثر کرنا کوئی جمہوری عمل نہیں، مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ نے جی بی الیکشن کے بعد فراخدلی کا مظاہرہ کیا، ہم پیپلزپارٹی کی قیادت سے توقع کرتے ہیں وہ الٹی گنتی کو سیدھا کر دیں گے، ہمیں توقع ہے پیپلزپارٹی ہماری جیت پر مبارکباد دے گی۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ دھرنا کرنے والے اپنے مقاصد میں ناکام ہوئے، دھرنا دینے والے خود کو قانون کے حوالے کر دیں، دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، جن عناصر نے ہتھیار اٹھائے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ الزام تراشی کرنے والوں نے رات سے سکرپٹ بنایا ہوا تھا، صبح 9 بجے سے ہی بیانات دینا شروع ہوگئے، یہ بات آج تک سمجھ نہیں آئی ان کو الزام تراشی سے کیا ملے گا، یہ ہمارے جلسے میں شرکت کرنے والے عوام سے اندازہ لگا لیں، ان کے رونے دھونے پر حیرت ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کہا گیا پنجاب سے پولیس اور لوگ خاص مقصد کیلئے بلائے گئے، ہمیں جواب دیں کہ کیا سندھ سے لوگ نہیں آئےامیر مقام نے مزید کہا کہ آج بھی ن لیگ ہی انتخابات میں کامیاب ہوگی، آزاد کشمیر کے موجودہ حالات میں پرامن الیکشن پر داد دینی چاہیے، ان کو خود سوچنا چاہیے کہ عوام نے ووٹ کیوں نہیں دیا۔