کابل (مانند نیوز ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامدکرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب ایک بار پھر دھماکا ہوا جس میں 2افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق دھماکاکابل ائیرپورٹ کے قریب سنا گیا، دھماکے کے مقام سے دھواں اٹھتادکھائی د یا۔برطانوی میڈیا کے مطابق دھماکا ائیرپورٹ کے قریب ایک گھر میں ہوا اور ممکنہ طور پر یہ ایک راکٹ حملہ ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں ائیرپورٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا، حملے میں 2 افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔قبل ازیں امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ایک بار پھر کابل ائیرپورٹ پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھاکہ کابل ائیرپورٹ پر 24سے 36گھنٹوں کے دوران نئے حملے کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ 2 روز قبل بھی کابل ائیرپورٹ دھماکوں سے گونج اٹھا تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں اور 2 برطانوی شہریوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ان دھماکوں سے دو روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے حملے کا الرٹ جاری کیا تھا۔