کابل (مانند نیوز ڈیسک) کابل ایئر پورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔افغانستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کابل ایئر پورٹ صبح 6 سے شا م 6بجے تک پروازوں کے لیے کھلا رہے گا۔ رات کو پروازوں کی بحالی کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل ایئر پورٹ اسٹاف بھی ڈیوٹی پر واپس آچکا ہے۔ کابل ایئر پورٹ پر بحالی کا کام تقریبا مکمل کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کابل ایئر پورٹ اب محفوظ ہے۔ پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اوردیگرممالک نے پروازوں کی بحالی کی درخواست کی تھی۔ کابل ایئر پورٹ سے ڈومیسٹک پروازوں کا سلسلہ پہلے سے ہی جاری تھا۔یاد رہے کہ امریکی اور اتحادی فوج کے انخلا کے بعد سے کابل ائیر پورٹ مکمل طور پر فعال نہیں تھا۔ جزوی طور پر کچھ پروازیں کابل آ جا رہی تھیں۔واضح رہے کہ امریکی فوج نے کابل ائیر پورٹ چھوڑنے سے قبل ائیر پورٹ پر توڑ پھوڑ کی تھی اور طیاروں کو ناکارہ بنا دیا تھا جس کے بعد سے کابل ائیر پورٹ کی مرمت کا کام جاری تھا۔