اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر محاذ پر حزب اختلاف کی منفی سیاست کو شکست دی ہے۔اتوار کوصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قانون سازی سمیت پارلیمنٹ میں تمام امتحانوں میں با آسانی کامیاب ہوئی ہے۔مراد سعید نے کہا کہ عمران خان دوسروں کی کسی بھی جنگ میں شرکت سے دو ٹوک الفاظ میں انکار کرتے ہوئے آزاد اور باوقار خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا۔ ماضی کے حکمرانوں نے کنھی ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی۔نواز شریف نے مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔نوازشریف نے حریت رہنماوں سے ملاقات نہ کی جبکہ عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا۔مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم نے اقتدار میں آنے سے قبل خود داری کی بات کی۔پاکستان کی خارجہ پالسی خود داری کی جانب گامزن ہے۔عمران خان نے کشمیر پر دنیا بھر کے لیڈرز سے بات کی۔وزیر اعظم نے اپوزیشن کو پارلیمان اور پارلیمان کے باہر شکست دی۔اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار اور کرپشن بچانے کے لئے ایک ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے خدمت کا موقع دیں۔ وکی لیکس کے مطابق یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری ڈرون حملے پر شور مچاتے تھے۔بھارتی تاجر جندال بغیر ویزا پاکستان آیا تو اس کی آمد کو چھپایا گیا۔وفاقی وزیر مرادسعید نے کہاکہ اپوزیشن نے سرکس لگائی ہوئی ہے۔ساڑھے تین سال میں یہ سرکس ہم نے بارہا دیکھا ہے۔